بھارتی ریاست آسام میں منی بس اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم، 26 افراد ہلاک، 20 زخمی
آسام: بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام میں منی بس اور ٹرک کے درمیان شدید تصادم کے نتیجے میں کم از کم 26 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ منی بس میں سوار بیشتر افراد کالج کے طالب علم تھے، جو کلاسز ختم ہونے کے بعد اپنے گھروں کو واپس جا رہے تھے کہ قازیگار کے قریب ان کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق منی بس گولاگھاٹ سے ناگاؤں کی جانب جا رہی تھی، جبکہ ٹرک آسام کی سمت سفر کر رہا تھا۔ دونوں گاڑیوں کے درمیان تصادم انتہائی شدید تھا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ تصادم کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔














