بھارت نے شیخ حسینہ واجد کی بنگلہ دیش واپسی کے لیے سیکیورٹی اور قانونی ضمانتوں کی شرائط پیش کر دیں
نئی دہلی: بھارت نے بنگلہ دیش کی معزول وزیرِاعظم اور عوامی لیگ کی سربراہ شیخ حسینہ واجد کی دسمبر میں وطن واپسی کے منصوبے پر اتفاق کرتے ہوئے ان کی سلامتی اور قانونی تحفظ سے متعلق بعض شرائط پیش کر دی ہیں۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت چاہتا ہے کہ شیخ حسینہ واجد کی واپسی کے موقع پر بنگلہ دیشی فوج سیکیورٹی کی ذمہ داری سنبھالے، جبکہ ڈھاکہ انہیں نئے مقدمات کے سلسلے میں قانونی ضمانتیں فراہم کرے۔
بھارت کا بنیادی مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ وطن واپسی پر شیخ حسینہ واجد کی جان و سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق نہ ہو اور انہیں منصفانہ ٹرائل کا موقع فراہم کیا جائے۔
رپورٹس کے مطابق شیخ حسینہ واجد نے دسمبر میں بنگلہ دیش واپس جانے کا اعلان کیا ہے۔ نئی دہلی ان کی واپسی کے منصوبے سے اصولی طور پر متفق ہے، تاہم وہ اس حوالے سے ٹھوس سیکیورٹی اور قانونی ضمانتیں حاصل کرنا چاہتا ہے۔
واضح رہے کہ تقریباً دو سال قبل بنگلہ دیش میں سیاسی ہنگامہ آرائی کے دوران مشتعل مظاہرین نے شیخ حسینہ واجد کی رہائش گاہ پر دھاوا بول دیا تھا، جس کے بعد وہ بنگلہ دیشی فوجی طیارے کے ذریعے بھارت پہنچ گئی تھیں۔ اس کے بعد سے وہ بھارت میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہی ہیں۔














