ترکیے اور قطر کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدہ طے، دوطرفہ تعلقات میں نئی جہت کا اضافہ
انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان کے دفتر نے تصدیق کی ہے کہ ترکیے اور قطر نے مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، جسے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ترک ایوانِ صدر کے مطابق معاہدے پر جمعے کے روز استنبول میں صدر رجب طیب اردوان اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے درمیان ملاقات کے بعد دستخط کیے گئے۔
ترک ایوانِ صدر نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ صدر اردوان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ترکیے اور قطر خلیجی خطے میں جنگ دوبارہ بھڑکنے سے روکنے، مذاکرات کی بنیاد مضبوط بنانے اور امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ دفاعی معاہدہ ترکیے اور قطر کے دوطرفہ تعلقات میں ایک نئی جہت کا اضافہ کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
تاہم ترک صدارتی دفتر کی جانب سے مشترکہ دفاعی معاہدے کی مزید تفصیلات اور اس کی شرائط جاری نہیں کی گئیں۔














