دشمن ایران کو جھکانے کا خواب دیکھتا رہے گا، مضبوط عزم سے مشکلات پر قابو پالیں گے، صدر مسعود پزشکیان
تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ دشمن نے یہ سوچا تھا کہ وہ ایران کو جھکنے پر مجبور کر دے گا، لیکن اس کی یہ خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی اور وہ یہ خواب ہی دیکھتا رہے گا۔
تہران میں کاروباری شخصیات سے ملاقات کے دوران صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران کو مختلف مشکلات اور چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم مضبوط عزم اور حوصلے کے ذریعے ان پر قابو پا لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام اور مسلح افواج نے ملک کو نقصان پہنچانے کے لیے شرپسند عناصر کے عزائم ناکام بنا دیے ہیں۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف جاری جنگ کے اثرات دنیا کے تمام براعظموں تک پہنچ چکے ہیں اور عالمی سطح پر مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف معاشی جنگ کے دوران ایرانی سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں نے مارکیٹ کو مستحکم رکھنے اور حالات کو سنبھالنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔














