نئی دہلی: بھارت کی مشرقی ریاست جھارکھنڈ کے ضلع رام گڑھ میں پیش آنے والے ایک المناک ٹریفک حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 13 افراد ہلاک جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ اتوار 29 نومبر 2026 کی صبح تقریباً 2 بجے رانچی۔پٹنہ قومی شاہراہ (این ایچ 33) پر پیش آیا، جہاں 14 افراد کو لے جانے والی اسکارپیو گاڑی آگے چلنے والی ایک بھاری گاڑی سے ٹکرا گئی۔
حادثے کا شکار ہونے والے تمام افراد بھارتی ریاست بہار کے ضلع نالندہ کے گاؤں جھنگھارو کے رہائشی تھے اور مذہبی عبادت کے لیے راج رپا مندر جا رہے تھے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 5 خواتین اور 2 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ حادثے میں ایک شخص شدید زخمی ہوا۔ زخمی کو فوری طور پر رام گڑھ کے صدر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔













