بغداد: عراق کے صدر نزار آمیدی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے انتخابی وعدے کے مطابق لامتناہی جنگوں کے خاتمے کی پالیسی پر واپس آئیں اور ایران کے ساتھ جاری فوجی تنازع ختم کریں۔
امریکی جریدے ’بریٹ بارٹ‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے نزار آمیدی نے کہا کہ ٹرمپ کو خطے میں امن کے قیام اور عالمی تنازعات کے خاتمے کے لیے اپنے سابقہ مؤقف پر عمل کرنا چاہیے، جس میں یوکرین اور روس کی جنگ کا خاتمہ بھی شامل تھا۔
عراقی صدر نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے لیے ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ جغرافیائی محلِ وقوع اور دونوں ممالک سے قریبی تعلقات کے باعث عراق پائیدار امن کے قیام میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وائٹ ہاؤس بغداد پر ایران کے ساتھ زمینی سرحدی گزرگاہیں بند کرنے اور فضائی رابطے معطل کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے۔
دوسری جانب پابندیوں کے باعث ایران کی قومی فٹبال ٹیم کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور عراق میں دوستانہ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے کھلاڑیوں کو فضائی سفر کے بجائے زمینی راستہ اختیار کرنا پڑا۔














