دوحہ: قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے کہا ہے کہ توانائی کی عالمی ترسیل کے لیے آبنائے ہرمز کا کوئی متبادل راستہ موجود نہیں اور یہ قطر کے لیے انتہائی اہم تجارتی گزرگاہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور دیگر ممالک کے تعاون سے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوششیں جاری ہیں، جن کے باعث صورتحال کو مزید خراب ہونے سے روکنے میں مدد ملی ہے۔
قطری وزیراعظم کے مطابق ایران اور خلیجی ممالک کے درمیان معاشی تعاون بڑھانا ناگزیر ہے، جبکہ ایرانی معیشت کے عالمی سطح پر کھلنے سے پورے خطے میں اقتصادی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات توانائی کی ترسیل کے متبادل راستوں پر بھی بات چیت کر رہے ہیں۔
شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے مزید کہا کہ کسی بھی ملک کی تنصیبات پر حملہ اس کی خودمختاری اور ریاست پر حملے کے مترادف ہے، جبکہ امریکی فوجی اڈوں کی میزبانی کرنے والی تنصیبات کو نشانہ بنانا بلاجواز ہے۔














