واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران کی جانب سے امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ڈرٹی بم حملے کی منصوبہ بندی سے متعلق اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے کوئی مصدقہ انٹیلی جنس رپورٹ موجود نہیں۔
اپنے بیان میں مارکو روبیو نے میڈیا کے بعض انٹیلی جنس ذرائع کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بعض ذرائع جھوٹی اور من گھڑت معلومات صحافیوں تک پہنچاتے ہیں، حالانکہ ان کے پاس ان معلومات تک رسائی بھی نہیں ہوتی۔ کچھ افراد نامکمل یا جزوی طور پر درست خفیہ معلومات غیرقانونی طور پر افشا کرتے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے واشنگٹن میں ڈرٹی بم حملے کی منصوبہ بندی کے حوالے سے کوئی قابلِ اعتماد انٹیلی جنس معلومات موجود نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایسی کوئی مصدقہ انٹیلی جنس معلومات ہوتیں تو وہ خفیہ معلومات کے زمرے میں آتیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حالیہ تکنیکی خرابیوں کو کسی منظم سائبر حملے کا نتیجہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔
دوسری جانب اس سے قبل امریکی انٹیلی جنس اداروں نے ایران پر واشنگٹن میں ڈرٹی بم حملے کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیا تھا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق امریکی حکام کا دعویٰ ہے کہ ایران ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتا ہے، جبکہ انٹیلی جنس معلومات میں ممکنہ اہداف اور مقامات کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔
تاہم مارکو روبیو کے تازہ بیان نے ان دعوؤں کی مصدقہ حیثیت پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔














