ممبئی: برطانوی شہزادہ ولیم نے رکشہ چلا کر سب کی توجہ حاصل کر لی، شہزادی کیٹ بھی ہمراہ تھیں
برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین ان دنوں ممبئی کے دورے پر ہیں، جہاں شاہی جوڑے نے الیکٹرک رکشے میں سفر کرکے لوگوں کی توجہ حاصل کر لی۔
دورے کے دوسرے روز شہزادہ ولیم نے ارتھ شاٹ پرائز کی تھیم کے مطابق خصوصی طور پر تیار کیے گئے الیکٹرک رکشے کی ڈرائیونگ کی، جبکہ شہزادی کیتھرین پچھلی نشست پر بیٹھیں اور اس منفرد سفر سے لطف اندوز ہوتی رہیں۔
اس موقع پر شہزادی کیتھرین نے ہاتھی دانت جیسی سفید رنگت کا لباس پہن رکھا تھا، جبکہ شہزادہ ولیم ہلکے نیلے رنگ کی جیکٹ اور گہرے رنگ کی جینز میں ملبوس تھے۔
رکشے میں تقریب میں پہنچنے کے تجربے پر شہزادی کیتھرین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پہنچنے کا یہ بہترین طریقہ ہے۔ اس پر شہزادہ ولیم نے دلچسپ انداز میں تبصرہ کیا کہ رکشہ کسی حادثے کا شکار نہیں ہوا اور وہ دونوں بالکل خیریت سے ہیں۔
شہزادہ ولیم اس منفرد سواری کے انتخاب پر خاصے خوش دکھائی دیئے۔ شاہی جوڑے کی ایوارڈز کی تقریب سے قبل ارتھ شاٹ پرائز کے فائنلسٹس سے ملاقات بھی شیڈول تھی۔
واضح رہے کہ شہزادہ ولیم نے 2020ء میں ارتھ شاٹ پرائز کی بنیاد رکھی تھی۔ اس عالمی اقدام کا مقصد ماحولیاتی تبدیلیوں اور دیگر ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر اور جدید حل پیش کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور ماحول کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کو فروغ دینا ہے۔














