امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے کانگریس میں ڈیموکریٹس کے ممکنہ کنٹرول کے پیشِ نظر مہینوں سے تیاریاں شروع کر رکھی ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کا بتانا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار اور ان منصوبوں سے باخبر دو افراد کے مطابق اس حکمتِ عملی کا مقصد صدارتی یا انتظامی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے صدر کے ایجنڈے کے اہم حصوں کو آگے بڑھانا اور ان کی انتظامیہ کے خلاف ممکنہ تحقیقات کا سامنا کرنے کی تیاری کرنا ہے۔
نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ان افراد نے بتایا کہ اعلیٰ حکام، جن میں وائٹ ہاؤس کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف اسٹیفن ملر اور بجٹ ڈائریکٹر رسل واٹ شامل ہیں، اپریل سے وائٹ ہاؤس کونسل کے دفتر کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں جس کا مقصد امیگریشن، ٹیرف، ہاؤسنگ کے اخراجات اور وفاقی اخراجات کے حوالے سے ایسے انتظامی اقدامات کی نشاندہی کرنا ہے جنہیں صدر ٹرمپ کانگریس کی منظوری کے بغیر بھی نافذ کر سکیں۔
وائٹ ہاؤس کے اہلکار نے مزید بتایا کہ وائٹ ہاؤس کونسل ول شارف اور ان کی ٹیم اس بات کا قانونی جائزہ بھی لے رہی ہے کہ ’صدر ٹرمپ اپنے طور پر قانونی حدود میں رہتے ہوئے کیا کر سکتے ہیں، وہ اپنے اختیارات کو کہاں تک وسعت دے سکتے ہیں اور عدالت میں ان فیصلوں کا دفاع کیسے کیا جا سکتا ہے‘۔
خیال رہے کہ کانگریس میں ڈیموکریٹس کواکثریت حاصل کرنے کے لیے 4 اضافی نشستیں درکار ہیں۔














