امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی ممالک کو یوکرین جنگ پر اخراجات کم کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے بعد یورپی ممالک اپنی رقم عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کر سکتے ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق یوکرین جنگ کے مالی اخراجات کا معاملہ برلن میں ہونے والے اجلاس میں بھی زیرِ بحث آیا۔
دوسری جانب یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے امن ارادوں پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں یقین نہیں کہ پیوٹن واقعی کسی سمجھوتے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امن مذاکرات کا اگلا دور جلد منعقد ہونا چاہیے، تاہم خدشہ ہے کہ روس مذاکراتی عمل میں تاخیر کی کوشش کرے گا۔
زیلنسکی نے واضح کیا کہ یوکرین ڈونباس کے علاقے سے دستبردار نہیں ہوگا۔ روس امن معاہدے کے بدلے ڈونباس کا علاقہ یوکرین سے حاصل کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے۔ یوکرینی صدر نے امن مذاکرات میں یورپ کو مکمل شراکت دار بنانے سے متعلق امریکی اعلان کا خیرمقدم بھی کیا۔
ادھر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا مؤقف ہے کہ یوکرین اور یورپی ممالک جنگ کے خاتمے کے لیے کسی سمجھوتے پر آمادہ نہیں ہیں۔
یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے جاری سفارتی کوششوں کے باوجود فریقین کے درمیان علاقائی مطالبات، جنگی اخراجات اور مذاکرات میں یورپ کے کردار پر اختلافات برقرار ہیں۔














