احمد پور شرقیہ، پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹروے ایم فائیو پر حدِ نگاہ متاثر ہونے کے بعد نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ملتان سے اُچ شریف تک موٹروے کا حصہ عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔
موٹروے پولیس کے مطابق 22 نومبر کی صبح گھنی دھند کے باعث ڈرائیوروں کو سڑک پر دیکھنے میں مشکلات کا سامنا تھا، جس کے پیش نظر مسافروں کی حفاظت اور ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے لیے یہ اقدام کیا گیا۔
موٹروے کی بندش سے احمد پور شرقیہ اور گردونواح کے علاقوں سے گزرنے والے مسافروں اور دیگر شاہراہوں پر سفر کرنے والے شہریوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑیوں کی رفتار کم رکھیں، فوگ لائٹس استعمال کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔














