صنعا: یمن کی حکومتی فورسز نے باب المندب کے قریب واقع ساحلی علاقوں سے انخلاء کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب توجہ مرکزی اڈے عدن کے دفاع پر مرکوز کی جائے گی۔
حکومتی فورسز کے مطابق تعز صوبے کے مغربی علاقے میں واقع ذباب ایئرپورٹ اور باب المندب سے فوجی دستے واپس بلائے جا رہے ہیں۔ اس فیصلے کے ساتھ ہی بحیرۂ احمر کے داخلی راستے کے قریب علاقوں کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنے کے لیے جاری چھ ہفتوں کی جوابی کارروائی بھی ختم ہوگئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق حوثی ملیشیا نے ان علاقوں میں تیزی سے پیش قدمی کرتے ہوئے کنٹرول حاصل کیا، جسے سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔
فورسز کی پسپائی کے بعد عدن کی جانب حوثیوں کی ممکنہ پیش قدمی اور سعودی عرب پر ڈرون و میزائل حملوں کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ 2015 میں حوثیوں کے دارالحکومت صنعا پر قبضے کے بعد سے یمنی حکومتی فورسز جنوبی شہر عدن میں قائم ہیں۔ سعودی عرب اور حوثی ملیشیا نے تاحال اس پیش رفت پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔














