نیویارک: یورپی یونین نے اپنے آئندہ بجٹ کے لیے اضافی آمدن حاصل کرنے کی غرض سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں پر نیا ڈیجیٹل ٹیکس عائد کرنے کی تجویز پیش کی ہے، جس کے تحت آن لائن اشتہارات، ڈیجیٹل خدمات اور صارفین کے ڈیٹا سے آمدن حاصل کرنے والی کمپنیوں پر 3 فیصد سالانہ ٹیکس لگایا جا سکتا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے ہفتے کے روز برسلز میں یورپی یونین کے آئندہ بجٹ سے متعلق نئی تجویز پیش کی، جس میں یورپی کمیشن کے ابتدائی منصوبے کے مقابلے میں 204 ارب یورو کی کمی کی گئی ہے۔
یورپی کمیشن نے 2028 سے 2034 تک کے عرصے کے لیے 2 ہزار ارب یورو کے بجٹ کی تجویز دی تھی، تاہم متعدد رکن ممالک نے اس حجم کو ضرورت سے زیادہ قرار دیتے ہوئے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
انتونیو کوسٹا کا کہنا تھا کہ نئی بجٹ تجویز رکن ممالک کو حتمی معاہدے کے قریب لانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
مجوزہ ڈیجیٹل ٹیکس کے دائرے میں وہ کمپنیاں شامل ہوں گی جو یورپی یونین میں ڈیجیٹل سرگرمیوں سے سالانہ کم از کم 5 کروڑ یورو آمدن حاصل کرتی ہیں اور جن کا عالمی کاروبار 75 کروڑ یورو سے زیادہ ہے۔
مجوزہ منصوبے کے تحت ان کمپنیوں کی آن لائن اشتہارات، ڈیجیٹل ثالثی کی خدمات اور صارفین کے فراہم کردہ ڈیٹا سے حاصل ہونے والی سالانہ خالص آمدن پر 3 فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا۔
اس تجویز سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ناراضی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، کیونکہ ان کی انتظامیہ ماضی میں یورپی یونین کی جانب سے بڑی امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں پر جرمانوں اور مسابقتی قوانین کے تحت کارروائیوں پر اعتراضات کرتی رہی ہے۔ تاہم انتونیو کوسٹا نے واضح کیا کہ مجوزہ ٹیکس کسی مخصوص ملک یا کمپنی کو نشانہ بنانے کے لیے نہیں ہے۔
نئے بجٹ منصوبے میں الیکٹرانک کچرے پر ٹیکس اور تمباکو پر زیادہ محصولات عائد کرنے کی تجاویز بھی شامل ہیں، جبکہ کرپٹو اثاثوں پر ٹیکس اور ریڈیو اسپیکٹرم کی نیلامی سے آمدن حاصل کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
یورپی کونسل کے اندازے کے مطابق ان نئے ذرائع سے یورپی یونین کو سالانہ تقریباً 60 ارب یورو اضافی آمدن حاصل ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب بجٹ کی نئی تجویز پر رکن ممالک کے درمیان اختلافات برقرار ہیں۔ جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے کہا ہے کہ مجوزہ بجٹ کا مجموعی حجم اب بھی بہت زیادہ ہے، جبکہ تقریباً تمام رکن ممالک کو اپنے ہاں سرکاری اخراجات میں کمی کرنا پڑ رہی ہے۔
فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کے دفتر نے بھی نئی تجویز پر مایوسی کا اظہار کیا، بالخصوص کسانوں کے لیے مالی معاونت میں کمی پر تحفظات ظاہر کیے گئے ہیں۔
یورپی یونین کے رہنما آئندہ ہفتے برسلز میں ہونے والے اجلاس میں بجٹ پر بات چیت کریں گے۔ انتونیو کوسٹا کی کوشش ہے کہ دسمبر تک رکن ممالک کے درمیان اتفاق رائے پیدا کیا جائے، تاہم بجٹ کی حتمی منظوری کے لیے یورپی پارلیمنٹ سے مذاکرات بھی ضروری ہوں گے۔
یورپی پارلیمنٹ کے بجٹ امور کے اہم رکن زیگفرائیڈ موریسان نے مجوزہ بجٹ کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ یورپ کو بڑھتے ہوئے مسائل سے نمٹنے کے لیے زیادہ وسائل اور بلند عزائم کی ضرورت ہے۔
ادھر فرانس سمیت متعدد ممالک زیادہ مالی وسائل مختص کرنے کے حامی ہیں، جبکہ جرمنی اور دیگر چار ممالک قومی مالیاتی شراکت میں کمی چاہتے ہیں۔ جنوبی، وسطی اور مشرقی یورپ کے 17 ممالک پر مشتمل گروپ بھی زراعت اور علاقائی ترقی کے لیے زیادہ فنڈز کا مطالبہ کر رہا ہے۔














