واشنگٹن: امریکا کے بڑے بینکوں کی آن لائن سروسز میں تکنیکی خرابی کے باعث لاکھوں صارفین کو بینکنگ اور رقوم کی منتقلی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق متاثرہ اداروں میں جے پی مورگن چیس، بینک آف امریکا، ویلز فارگو، یو ایس بینک اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کی ایپ زیل شامل ہیں۔
سروسز کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ ’ڈاؤن ڈیٹیکٹر‘ کے مطابق چیس بینک کے 5 ہزار سے زائد صارفین نے آن لائن اکاؤنٹس تک رسائی، بیلنس چیک کرنے اور رقوم کی منتقلی میں تعطل کی شکایات درج کرائیں، جبکہ بینک آف امریکا کے صارفین کو موبائل ایپ اور اے ٹی ایم استعمال کرنے میں بھی دشواری پیش آئی۔
جے پی مورگن چیس کے ترجمان کے مطابق بینک کے اندرونی ہارڈویئر سسٹم میں تکنیکی خرابی کے باعث سروسز متاثر ہوئیں، جس سے دوسرے بینکوں کے ساتھ ہونے والی مالی لین دین میں بھی تاخیر ہوئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں سائبر حملے کے شواہد نہیں ملے اور صارفین کے اکاؤنٹس اور رقوم محفوظ ہیں۔














