نئی دہلی: بھارتی پولیس نے سائبر فراڈ کی سرگرمیوں میں ملوث کرنے کے لیے مبینہ طور پر بھارت اسمگل کیے گئے 164 غیر ملکی شہریوں کو بازیاب کرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ بازیاب افراد میں 92 انڈونیشین اور 72 ملائیشین شہری شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی نئی دہلی کے نواحی علاقے میں بین الاقوامی سائبر جرائم کے ایک نیٹ ورک کے خلاف کی گئی، جہاں غیر ملکی شہریوں کو مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر روک کر آن لائن فراڈ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر مجبور کیا جا رہا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کو ملازمت اور بہتر معاشی مواقع فراہم کرنے کے جھانسے میں بھارت بلایا گیا، تاہم وہاں پہنچنے کے بعد انہیں مبینہ طور پر قید کردیا گیا اور سائبر فراڈ کے مختلف طریقوں میں استعمال کیا گیا۔
پولیس نے کارروائی کے دوران ایک ملائیشین شہری کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جس سے تفتیش جاری ہے۔ اس کے علاوہ نیٹ ورک سے مبینہ طور پر منسلک دو بھارتی سہولت کاروں کی بھی شناخت کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنوب مشرقی ایشیا کے مختلف ممالک میں سائبر فراڈ کے مراکز سرگرم ہیں، جہاں جرائم پیشہ گروہ جعلی محبت کے تعلقات، کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری اور آن لائن جوئے کے پلیٹ فارمز کے ذریعے لوگوں کو دھوکا دیتے ہیں۔ تاہم غیر ملکی شہریوں کو دوسرے ملک منتقل کرکے ایسے جرائم میں ملوث کرنے کے واقعات بھارت میں نسبتاً کم رپورٹ ہوئے ہیں۔
اقوام متحدہ کی رواں سال جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں اندازہ لگایا گیا تھا کہ جنوب مشرقی ایشیا میں کم از کم 3 لاکھ افراد کو سائبر فراڈ مراکز میں کام کرنے کے لیے اسمگل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران میانمار میں قائم سائبر فراڈ مراکز سے 2 ہزار 400 سے زائد بھارتی شہریوں کو بازیاب کراکر وطن واپس لایا جا چکا ہے۔














