لاہور (27 ستمبر 2026): حکومت نے آن لائن مالیاتی فراڈ ہراسانی اور منظم سائبر کرائم نیٹ ورکس کیخلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی کا این سی سی آئی اے سینٹرل زون ہیڈ کوارٹرز لاہور کا دورہ کیا اورخصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سائبر کرائم کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے سائبر کرائمز کے خلاف جاری آپریشنز اور تحقیقات کا جائزہ لیا۔ شکایات سیل، فرانزک لیب اور انویسٹی گیشن ونگ کا معائنہ کیا اور شہریوں کی شکایات سے لے کر تفتیش اور ملزمان کیخلاف کارروائی تک نظام کاجائزہ لیا۔
اجلاس میں آن لائن مالیاتی فراڈ، ہراسانی اور منظم سائبر کرائم نیٹ ورکس کیخلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور محسن نقوی نے آن لائن مالیاتی فراڈ میں ملوث منظم گروہوں، جعلی اکاؤنٹس کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈیجیٹل بلیک میلنگ اور آن لائن ہراسانی میں ملوث عناصر کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ سائبر کرائم کرنے والا چاہے کہیں بیٹھا ہو، اسے قانون کی گرفت میں لانا ہے۔ مالیاتی فراڈ کی شکایت موصول ہوتے ہی فوری ریسپانس کا نظام مؤثر بنایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہری کو شکایت درج کرانے کے بعد مہینوں انتظار نہیں کرانا چاہیے۔ ہر شکایت پر بر وقت پیش رفت نظر آنی چاہیے۔
محسن نقوی نے زیر التوا مقدمات اور شکایات کا کیس ٹو کیس جائزہ لینے اور غیر ضروری تاخیرختم کرنے کا حکم دیا اور ڈیجیٹل فرانزک کی استعداد بڑھانے، جدید فرانزک ٹولز کے استعمال اور تفتیشی افسران کی خصوصی تربیت کی ہدایات کیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سائبر کرائم کے نئے طریقوں کا مقابلہ جدید ٹیکنالوجی اور تربیت یافتہ افرادی قوت سے کیا جا سکتا ہے۔ این سی سی آئی اے کو حقیقی معنوں میں پاکستان کی سائبرپولیس بنانا ہے۔ شہریوں کا ڈیٹا، پرائیویسی اور مالی مفادات کا تحفظ این سی سی آئی اے کی بنیادی ذمہ داری ہے۔














