کراچی(28 ستمبر 2026): دہلی کالونی میں فریقین کے درمیان تنازع اور جھگڑے کے بعد پرچون کے دکاندار نے طیش میں آ کر مبینہ طور پر اپنی ہی دکان کو آگ لگا دی۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے دہلی کالونی میں فریقین کے درمیان تنازع اور جھگڑے کے بعد پرچون کے دکاندار نے طیش میں آ کر مبینہ طور پر اپنی ہی دکان کو آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں دکان جل کر خاکستر ہو گئی جبکہ ساتھ واقع بریانی کی دکان کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔
تھانہ فریئر پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کے روز دوپہر تقریباً ساڑھے تین بجے پیش آیا۔ دہلی کالونی میں پرچون کی دکان کے مالک کا کسی معاملے پر دوسرے فریق کے ساتھ جھگڑا ہوا تھا، اس دوران غصے اور طیش میں آ کر دکاندار نے مبینہ طور پر خود اپنی دکان میں آگ لگا دی۔
آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر مکمل قابو پا لیا، تاہم اس دوران پرچون کی دکان مکمل طور پر جل گئی جبکہ قریبی واقع بریانی کی دکان کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ دکاندار نے تاحال پولیس سے رابطہ نہیں کیا ہے، اس لیے اس حوالے سے دکاندار کا باضابطہ مؤقف تاحال سامنے نہیں آ سکا۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔














