لاہور : ڈرائیونگ لائسنس کا حصول آسان ہوگیا ، 13 سرکاری اسپتالوں میں میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کی مفت سہولت فراہم کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور انتظامیہ نے ڈرائیورز کی سہولت کے لیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے شہر کے 13 سرکاری ہسپتالوں میں میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ بلا معاوضہ فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ لائسنس کے امیدواروں کی آسان رسائی کے لیے ان تمام اسپتالوں میں مخصوص “فری میڈیکل کاؤنٹرز” قائم کر دیے گئے۔
ان اسپتالوں میں ڈی ایچ کیو میاں میر ہسپتال، ڈی ایچ کیو موژنگ، جنرل ہسپتال غازی آباد، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سبزہ زار، گورنمنٹ ہسپتال سمن آباد، گورنمنٹ جنرل ہسپتال قلعہ گجر سنگھ، اور گورنمنٹ جنرل ہسپتال شاہدرہ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بلال گنج، گورنمنٹ ہسپتال سوڈیوال، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کاہنہ، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال رائے ونڈ، اور گورنمنٹ آئی اینڈ جنرل ہسپتال سوامی نگر شالیمار میں بھی یہ کاؤنٹرز فعال کر دیے گئے ہیں۔
کس کے لیے میڈیکل سرٹیفکیٹ لازمی ہے؟
سی ٹی او لاہور نے واضح کیا کہ کمرشل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والے تمام افراد اور 50 سال سے زائد عمر کے شہریوں کے لیے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا قانونی طور پر لازمی ہے۔
مجوزہ جدید سسٹم کے تحت ہسپتالوں کا عملہ شہریوں کا میڈیکل ڈیٹا اور سرٹیفکیٹ براہِ راست محکمہ صحت کے پورٹل پر اپ لوڈ کرے گا، اس آن لائن نظام سے جعلی سرٹیفکیٹس کی روک تھام میں مدد ملے گی اور تصدیق کا عمل نہایت آسان ہو جائے گا۔














