واشنگٹن: امریکا نے ایران اور روس کی 3 کمپنیوں پر نئی پابندیاں عائد کر دیں
امریکی حکومت نے ایران کو ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کی فراہمی روکنے کی کوششوں کے تحت ایک ایرانی اور دو روسی اداروں پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
امریکی محکمۂ خزانہ کے مطابق پابندیوں کی زد میں ایران کی ساہا ایئرلائنز، روسی طیارہ ساز کمپنی یاکوولیو اور روسی شپنگ کمپنی ایم جی فلوٹ شامل ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق یاکوولیو نے ایران کو یاک-130 جنگی تربیتی طیارے اور متعلقہ سامان فراہم کیا، جبکہ ایم جی فلوٹ کے زیرِ انتظام بعض بحری جہاز ایران سے روس کو بیلسٹک میزائلوں کی منتقلی میں ملوث رہے ہیں۔
محکمۂ خزانہ کے مطابق ساہا ایئرلائنز بھی ایران کے لیے ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کی منتقلی میں ملوث رہی ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات ایران پر اقوام متحدہ کی بحال شدہ پابندیوں کی حمایت اور ’’آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ‘‘ کے تحت کیے گئے ہیں۔ نئی پابندیوں کا مقصد ایران کے ہتھیاروں کی ترسیلی سرگرمیوں سے منسلک نیٹ ورک کو محدود کرنا اور متعلقہ اداروں پر مالی و تجارتی دباؤ بڑھانا ہے۔














