کراچی : سی ویو کے قریب کھڑی گاڑی سے پراپرٹی ڈیلر کی لاش برآمد کرلی گئی ، ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حسن کو گاڑی کے اندر ہی فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے ساحلی علاقے سی ویو سے ایک گاڑی کے اندر سے پراپرٹی ڈیلر کی لاش برآمد ہوئی ہے، مقتول کی شناخت حسن کے نام سے ہوئی ہے جو شہر کے علاقے ناظم آباد کا رہائشی تھا اور پراپرٹی کا کام کرتا تھا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ مقتول حسن کی لاش گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ سے ملی ہے، ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حسن کو گاڑی کے اندر ہی فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور کرائم سین یونٹ نے موقع پر پہنچ کر گاڑی کے اندرونی حصوں اور دروازوں سے فنگر پرنٹس حاصل کر لیے ہیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ گاڑی سے مقتول کا موبائل فون مل گیا ہے تاہم واقعے میں استعمال ہونے والا اسلحہ موجود نہیں تھا۔
پولیس نے ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنا شروع کر دی ہیں۔
مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں۔














