کراچی: برلن میں پاکستانی کمیونٹی کے سینئر صحافی مطیع اللہ خان کا گزشتہ روز انتقال ہو گیا ہے، ان کی نماز جنازہ منگل کو ادا کی جائے گی۔
جرمنی کے دارالحکومت برلن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے سینئر صحافی مطیع اللہ خان طویل علالت کے بعد قضائے الہٰی سے انتقال کر گئے، وہ کئی سال سےعارضہ جگر میں مبتلا تھے۔
مطیع اللہ نے کراچی کے مقامی اخبار میں کورٹ رپورٹنگ سے صحافت کا آغاز کیا، پھر جرمنی منتقل ہونے کے بعد وائس آف ساؤتھ ایشیا سے بھی کئی سال وابستہ رہے، وہ برلن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی میں مقبول تھے، ہر مشکل وقت میں دوسروں کی مدد کے لیے تیاررہتے۔
ان کے انتقال کی خبر نے اوورسیز پاکستانی کمیونٹی باالخصوص صحافیوں کو غمزدہ کر دیا ہے، مرحوم نے ایک بیوہ کو سوگوار چھوڑا ہے۔
مطیع اللہ کی نماز جنازہ 13 اکتوبر بروز منگل بعد نماز ظہر 13.45 پر مسجد بلال میں ادا کی جائے گی۔ جب کہ ان کی میت پاکستان لانے کی تیاریاں بھی کی جا رہی ہیں۔
جسٹس ہیلپ لائن انٹرنیشنل یورپ کے سفیر میاں مبین اختر نے ایک پیغام میں کہا کہ مطیع اللہ نے صحافت کے میدان میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کے لیے جو کوششیں کیں، انھیں ہمیشہ قدر و احترام سے یاد رکھا جائے گا، ان کا انتقال برلن کی پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔














