پاکستان، ترکیہ، مصر اور سعودی عرب کا مشترکہ اعلامیہ جاری، حوثی حملوں کی مذمت اور مشرقِ وسطیٰ میں سفارت کاری پر زور
استنبول (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان، ترکیہ، مصر اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کے استنبول میں ہونے والے اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا، جس میں سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوری طور پر فوجی کارروائیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ نے اجلاس میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے سفارتی کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا۔ رہنماؤں نے علاقائی تنازعات کے حل اور کشیدگی میں کمی کے لیے سفارت کاری کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ حوثی ملیشیا کی کارروائیاں یمن میں انسانی بحران کو مزید سنگین بنا رہی ہیں۔ شرکا نے سعودی عرب پر حملوں، خصوصاً شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی مذمت کی اور بحیرۂ احمر اور باب المندب میں تجارتی جہازوں پر حملے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر یمن کی حکومت اور سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا گیا۔
چاروں ممالک نے امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری تنازع کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو ناگزیر قرار دیا۔ اعلامیے میں تمام فریقین پر زور دیا گیا کہ وہ شہریوں، شہری تنصیبات اور بحری جہازوں کو نشانہ بنانے سے گریز کریں۔ شرکا نے پاکستان میں طے پانے والی مفاہمت کی یادداشت کی حمایت کرتے ہوئے تنازع کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے سفارتی کوششوں کا خیرمقدم کیا۔
آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی بحالی پر زور
مشترکہ اعلامیے میں آبنائے ہرمز میں محفوظ اور بلا رکاوٹ بحری آمدورفت اور جہاز رانی کی آزادی کو ناگزیر قرار دیا گیا۔ چاروں ممالک نے اس اہم سمندری راستے سے بحری آمدورفت فوری اور مکمل طور پر بحال کرنے پر زور دیا۔
اعلامیے کے مطابق سمندری راستوں میں رکاوٹیں عالمی سپلائی چین، توانائی کی فراہمی، کھاد اور خوراک کی ترسیل کو متاثر کرتی ہیں۔ شرکا نے قانونی بحری آمدورفت میں رکاوٹ ڈالنے والے اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے علاقائی معاملات پر قریبی مشاورت اور رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
فلسطین میں دو ریاستی حل اور اسرائیلی کارروائیوں کے خاتمے کا مطالبہ
اعلامیے میں اسرائیلی قبضے کو خطے اور اس سے باہر عدم استحکام کی بنیادی وجوہات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے فلسطین کے مسئلے کے دو ریاستی حل پر جلد عمل درآمد کا مطالبہ کیا گیا۔
پاکستان، ترکیہ، مصر اور سعودی عرب نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور ایک آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا اعادہ کیا۔ چاروں ممالک نے مشرقی یروشلم کو فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بنانے کی حمایت کرتے ہوئے فلسطینی علاقوں میں جاری اسرائیلی تشدد فوری طور پر بند کرنے پر زور دیا۔
مشترکہ اعلامیے میں یروشلم کی قانونی اور تاریخی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں کو روکنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ اس کے علاوہ مغربی کنارے اور یروشلم میں اسرائیلی آبادکاری کی سرگرمیوں اور فلسطینیوں کے خلاف آبادکاروں کے تشدد کی مذمت کی گئی۔
اعلامیے کے اختتام پر غزہ میں انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی اور جنگ سے متاثرہ علاقے کی تعمیر نو کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔














