سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں 4 ڈرون حملے ناکام، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
ریاض: سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں فضائی دفاعی نظام نے 4 ڈرونز مار گرا کر حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔
سعودی اتحادی فوج کے مطابق مشرقی صوبے کے علاقے راس تنورہ میں آنے والے چاروں ڈرونز کو فضائی دفاعی نظام نے کامیابی سے تباہ کردیا۔
سعودی اتحادی فوج کے ترجمان ترکی المالکی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ ڈرونز کو تباہ کیے جانے کے بعد ان کا ملبہ مختلف مقامات پر گرا، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یمن کے ساحلی شہر حدیدہ میں دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ اس سے قبل سعودی اتحادی فوج نے علاقے کے لیے انخلا کی وارننگ بھی جاری کی تھی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ریاض کے فنانشل ڈسٹرکٹ میں ایک ٹاور پر حوثی حملے کے نتیجے میں 11 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ زخمیوں میں 2 سعودی، 2 بھارتی، 3 نیپالی اور 4 مصری شہری شامل تھے۔














