امریکی فوجی اڈے کہیں بھی منتقل کرلیں، ایرانی افواج کی پہنچ سے باہر نہیں ہوں گے، علی عبداللہی
تہران: ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف اور خاتم الانبیا مرکزی ہیڈ کوارٹرز کے کمانڈر علی عبداللہی نے کہا ہے کہ خطے میں امریکی فوجی اڈوں کو کسی بھی دوسرے مقام پر منتقل کرنے سے وہ ایرانی مسلح افواج کی پہنچ سے باہر نہیں ہوں گے۔
بسیج تنظیم کے سربراہ سے ملاقات کے دوران علی عبداللہی نے دعویٰ کیا کہ جنگ کے دوران امریکی فوجی اڈوں کو شدید نقصان پہنچا اور ان کا بڑا حصہ غیر فعال ہوگیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بعض امریکی فوجی اڈے تاحال اپنی سابقہ آپریشنل حالت میں بحال نہیں ہوسکے۔ امریکا خطے میں اپنے فوجی اڈوں کو مزید دور دراز مقامات پر منتقل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم یہ اڈے جہاں بھی قائم کیے جائیں گے، ضرورت پڑنے پر ایرانی مسلح افواج کی پہنچ میں ہوں گے۔
علی عبداللہی نے مزید دعویٰ کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سمندر میں اپنے مطلوبہ اہداف حاصل کرنے اور مخالف فریق کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کرنے میں کامیاب رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو ایران کے حقوق اور مفادات کا احترام کرنے کے ساتھ اپنا رویہ تبدیل کرنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔














