پشاور : خیبر پختونخوا پولیس نے شادی تقاریب تصاویر اور ویڈیوز بنانے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا اپنی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی تصاویر اور ویڈیوز بناتے وقت سخت احتیاط برتیں۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا پولیس نے شادی کی تقاریب کے دوران تصاویر اور ویڈیوز بنانے کے حوالے سے شہریوں کے لیے اہم سیکیورٹی ایڈوائزری جاری کر دی۔
پولیس نے خاندانوں کو خبردار کیا ہے کہ ایسی مواد کا سوشل میڈیا اور بلیک میلرز کے ذریعے غلط استعمال ہو سکتا ہے۔
جاری کردہ ایڈوائزری میں شہریوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ شادی کی تقاریب میں اپنی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی تصاویر اور ویڈیوز بناتے وقت سخت احتیاط برتیں، کیونکہ محض ایک لمحے کی غفلت اور لاپروائی زندگی بھر کے پچھتاوے کا باعث بن سکتی ہے۔
پولیس حکام نے نشاندہی کی ہے کہ سائبر مجرمان اور بلیک میلرز جعلی اور ڈیپ فیک ویڈیوز و تصاویر بنا کر فیملیز کو بلیک میل کرتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں سردیوں کے موسم کے آغاز کے ساتھ ہی شادیوں کا سیزن شروع ہو رہا ہے، لیکن اس دوران ڈیپ فیک ٹیکنالوجی، ترمیم شدہ تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے بلیک میلنگ کے خطرات شدید بڑھ جاتے ہیں اور بلیک میلرز نجی مواد کو عام کرنے کی دھمکیاں دے کر متاثرہ افراد کو شدید ذہنی اذیت کا نشانہ بناتے ہیں۔
پولیس نے تمام فیملیز پر زور دیا ہے کہ ڈیجیٹل دور میں ذاتی تصاویر اور ویڈیوز کو محفوظ بنائیں اور شادیوں میں فوٹو شوٹ کے دوران درپیش سیکیورٹی خطرات کا لازمی خیال رکھیں۔














