میڈرڈ: اسپین میں 29 نومبر 2026 کو پارلیمانی عام انتخابات منعقد ہوں گے، جن میں عوام پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں، کانگریس (Congreso) اور سینیٹ (Senado) کے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔ انتخابات میں مجموعی طور پر 3 کروڑ 87 لاکھ 28 ہزار 356 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اسپین کی سیاسی جماعتوں کے درمیان انتخابی مقابلہ جاری ہے، جس میں سوشلسٹ پارٹی کے پیڈرو سانچیز، پاپولر پارٹی کے البرتو نونیز فیخو اور ووکس پارٹی کے سانتیاگو اباسکال نمایاں سیاسی رہنما ہیں۔ اس کے علاوہ فرنٹے آمپلیو (Frente Amplio) اور پوڈیموس سمیت دیگر جماعتیں بھی انتخابی میدان میں موجود ہیں۔
انتخابی شیڈول کے مطابق پولنگ صبح 9 بجے شروع ہوکر رات 8 بجے تک جاری رہے گی۔ کانگریس کے لیے سفید جبکہ سینیٹ کے لیے بھورے رنگ کے بیلٹ پیپر استعمال کیے جائیں گے۔ ووٹرز دونوں بیلٹ پیپرز الگ الگ لفافوں میں ڈال کر متعلقہ بیلٹ باکسز میں جمع کرائیں گے۔
انتخابی تفصیلات کے مطابق مختلف صوبوں سے نمائندوں کا انتخاب کیا جائے گا، جبکہ بارسلونا صوبے سے کانگریس کے لیے 32 ارکان منتخب ہوں گے۔
اسپین کی کانگریس میں قومی سطح پر مجموعی طور پر 350 نشستیں ہیں، جن میں حکومت بنانے کے لیے کسی سیاسی جماعت یا انتخابی اتحاد کو کم از کم 176 نشستوں کی حمایت درکار ہوگی۔
دوسری جانب سیاسی جماعتوں نے اپنے انتخابی منشور اور عوامی فلاحی منصوبوں کے ساتھ انتخابی مہم تیز کردی ہے۔ انتخابی مہم میں رہائش کے مسائل، مہنگائی، روزگار کے مواقع، امیگریشن اور ملکی معیشت جیسے اہم موضوعات کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔














