واشنگٹن: امریکا نے اپنے 14 بڑے تجارتی شراکت داروں سے درآمد کی جانے والی مصنوعات پر نئے محصولات عائد کرنے کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت مختلف ممالک کی اشیا پر 20 سے 40 فیصد تک ٹیرف لاگو ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق یہ محصولات مینوفیکچرنگ کے مختلف شعبوں میں ضرورت سے زیادہ پیداواری صلاحیت اور صنعتی پیداوار سے متعلق تحقیقات کے بعد عائد کیے جارہے ہیں۔
تحقیقات کے دائرے میں چین، یورپی یونین، سنگاپور، سوئٹزرلینڈ، انڈونیشیا، ملائیشیا، کمبوڈیا، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا، ویت نام، تائیوان، بنگلادیش، جاپان اور بھارت شامل ہیں۔
اعلان کردہ منصوبے کے تحت مختلف ممالک اور مصنوعات پر الگ الگ شرح سے محصولات عائد ہوں گے۔ چین پر سب سے زیادہ 40 فیصد تک، ویت نام پر 35 فیصد تک جبکہ دیگر ممالک پر 20 سے 25 فیصد تک ٹیرف لاگو ہوگا۔
تاہم بعض ممالک کے لیے ان محصولات کی عملی شرح کم رہنے کا امکان ہے، کیونکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی متعدد تجارتی شراکت داروں کے ساتھ ٹیرف کی زیادہ سے زیادہ حد مقرر کرنے کے معاہدے کرچکے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی سپریم کورٹ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عائد کیے گئے وسیع البنیاد تجارتی محصولات کو مسترد کرچکی ہے۔














