سانگھڑ(10 اکتوبر 2026): ضلع سانگھڑ کے علاقے منگلی میں ایک انتہائی افسوسناک اور دلخراش واقعہ پیش آیا ہے جہاں پانی کے گہرے تالاب میں ڈوب کر دو سگی بہنوں سمیت تین بچیاں جاں بحق ہو گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ سانگھڑ کے منگلی تھانے کی حدود میں واقع 76 چک میں پیش آیا۔ گھروں کے عقب میں بنے ایک گہرے پانی کے تالاب کے قریب یہ المیہ اس وقت رونما ہوا جب پاؤں پھسلنے کے باعث ایک بچی تالاب میں گر گئی۔
اسے بچانے کی کوشش میں یکے بعد دیگرے دیگر دو لڑکیوں نے بھی تالاب میں چھلانگ لگا دی، تاہم پانی زیادہ گہرا ہونے اور بروقت مدد نہ ملنے کے باعث تینوں بچیاں پانی میں ڈوب گئیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ورثاء اور مقامی گاؤں والے فوری طور پر موقع پر پہنچے اور اپنی مدد آپ کے تحت تینوں بچیوں کو تالاب سے باہر نکالا۔ انہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اسپتال کے ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد تینوں بچیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی۔
اس دلخراش واقعے میں جاں بحق ہونے والی بچیوں کی شناخت 15 سالہ عائشہ، 12 سالہ مروہ(عائشہ کی بہن) اور 12 سالہ بان بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔
ضلع صحت کے حکام کے مطابق، ڈی ایچ او سانگھڑ ڈاکٹر عمر فاروق نے تینوں بچیوں کی موت کی تصدیق کا باضابطہ لیٹر جاری کر دیا ہے۔ اس المناک واقعے کے بعد پورے علاقے میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے اور علاقے میں ہر آنکھ اشک بار ہے۔














