اسلام آباد (27 ستمبر 2026): پاک حج ایپ پر عازمین حج کی سہولت کے متعدد فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں جس سے انہیں کئی سہولتیں گھر بیٹھے میسر ہوں گی۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے متعارف کرائی گئی پاک حج ایپ پر عازمین حج کی سہولت کے متعدد فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں جس کے ذریعے انہیں گھر بیٹھے پیکیج دورانیہ اور رہائش میں ترمیم کی سہولت حاصل ہوگی۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق اب عازمین حج گھر بیٹھے ٹو بیڈ، تھری بیڈ، فیملی روم یا شیئرنگ رہائش کا انتخاب کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ لانگ حج کو شارٹ اور شارٹ کو لانگ پیکیج میں تبدیل کرنے کی سہولت بھی ہوگی۔
پاک حج ایپ سے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کا پرنٹ لیا جا سکے گا، تاہم اس پرنٹ سرٹیفکیٹ کی مجاز ڈاکٹر سے تصدیق کروانا ہوگی۔ فٹنس سرٹیفکیٹ تصدیق کے بعد ایپ یا پورٹل پر دوبارہ اپ لوڈ کرنا لازمی ہے۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق سمندر پار پاکستانی بھی نزدیکی ڈاکٹر سے سرٹیفکیٹ لے کر ایپ پر اپلوڈ کریں۔ عازمین کو ہارڈشپ کوٹے کے تحت محرم یا ہیلپر کی درخواست دینے کی سہولت حاصل ہو گی جب کہ مجبوری کی بنا پر حج درخواست کی منسوخی اور رقم واپسی کا فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے۔
مذکورہ ایپ پر حج انتظامات سے متعلق متعدد سہولیات اب عازمین کو گھر بیٹھے دستیاب ہوں گی اور انہیں اس کے لیے دفاتر کے چکر، قطار اور انتظار کی زحمت نہیں اٹھانا پڑے گی بلکہ صرف ایک کلک پر تمام سہولتیں دستیاب ہوں گی۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کے ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے پرائیویٹ حج کی بکنگ جاری ہے۔ حج پورٹل سے باہر پرائیویٹ حج کی بکنگ یا ادائیگی کی ممانعت ہے جب کہ پرائیویٹ حج اسکیم میں 26 ہزار درخواستیں مکمل اور 45 ہزار نشستیں موجود ہیں۔














