متحدہ عرب امارات اور فرانس کا سمندری سلامتی کے لیے تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات اور فرانس نے سمندری سلامتی کے شعبے میں تعاون مزید مضبوط بنانے اور عالمی توانائی کی فراہمی کو محفوظ بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
اس سلسلے میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات کی، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، تجارتی جہاز رانی کو لاحق خطرات اور بحری سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران آبنائے ہرمز، بحیرۂ احمر اور آبنائے باب المندب میں بحری سلامتی کو یقینی بنانے کے معاملات بھی زیرِ بحث آئے۔
دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے فروغ اور خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں عالمی توانائی کی فراہمی کے تحفظ کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سمندری راستوں کو محفوظ بنانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔














