الہ آباد: پنجاب کی تحصیل چونیاں کے قصبے کنگن پور میں مضر صحت کھیر کھانے سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا، جب کہ کھیر کھانے والے گھر کے دیگر 4 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
کنگن پور کے گاؤں محمود خانیکے میں چار روز قبل زہریلی کھیر کھانے سے ایک ہی گھر کے 5 افراد کی طبیعت خراب ہوئی تھی، جس پر انھیں لاہور جنرل اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔
ریسکیو کے مطابق مضر صحت کھیر کھانے سے گھر کا 40 سالہ سربراہ قاسم علی، اہلیہ حسنہ بی بی اور ان کے 3 بیٹے متاثر ہوئے تھے، تاہم ان میں سے 25 سالہ بیٹا ناظم آج علاج کے دوران دم توڑ گیا۔
متاثرہ دیگر 4 افراد کی حالت بھی تشویش ناک بتائی جا رہی ہے جنھیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق کھیر کھانے کے کچھ دیر بعد ہی تمام افراد کی طبیعت خراب ہو گئی تھی، یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ کھیر میں چھپکلی گر گئی تھی، جس سے وہ زہریلی ہو گئی تھی۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے، جب کہ کھیر کے نمونے لے کر اس کی جانچ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے تاکہ واقعے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔
ایک ہی گھر کے پانچ افراد کی اچانک بگڑتی حالت نے اہلِ خانہ اور علاقے میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔














