کراچی : شمالی بحیرہ عرب میں پاک بحریہ کی آبدوز ‘ہنگور’ سے پہلی لائیو ویپن فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ کیا، جس نے اپنے مقررہ ہدف کو انتہائی درستی سے نشانہ بنایا۔
تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں اپنی نو تعمیر شدہ آبدوز ‘پی این ایس ہنگور’ سے پہلی بار لائیو ویپن فائرنگ کا شاندار اور کامیاب مظاہرہ کیا ہے۔
پی این ایس ہنگور سے طویل فاصلے تک مار کرنے والا اینٹی شپ کروز میزائل فائر کیا گیا، جس نے اپنے مقررہ ہدف کو انتہائی درستی سے نشانہ بنایا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ لائیو فائرنگ کا مقصد پی این ایس/ایم ہنگور کے جدید ہتھیاروں اور ویپن سسٹمز کی کارکردگی جانچنے کے ساتھ ساتھ آبدوز کی جنگی تیاری اور آپریشنل صلاحیتوں کی تصدیق کرنا تھا۔
چیف آف دی نیول اسٹاف (نیول چیف) نے اس کامیاب تجربے کا خود مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زیرِ آب جنگی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ ملک کی دفاعی صلاحیتوں کے لیے ناگزیر ہے۔ پاک بحریہ قومی بحری سرحدوں کے دفاع اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
جدید آبدوز کی کامیاب فائرنگ سے پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع کے عزم کا بھی اظہار ہوتا ہے، جبکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک جدید، مؤثر اور ہر وقت تیار بحری قوت برقرار رکھنے کا سلسلہ جاری ہے
وزیراعظم شہباز شریف نے پہلے لائیو ویپن فائرنگ کے کامیاب تجربے پر پاک بحریہ کے تمام افسران اور جوانوں کو مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ اینٹی شپ کروز میزائل کا ہدف کو درستی سے نشانہ بنانا پاک بحریہ کی غیر معمولی آپریشنل تیاری اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔














