ہسپانوی وزیراعظم سانچیز کی آئندہ انتخابات میں بڑی اکثریت حاصل کرنے کی خواہش، رہائشی بحران کو بڑا چیلنج قرار دے دیا
میڈرڈ (مانیٹرنگ ڈیسک) اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے آئندہ عام انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ دورِ حکومت میں کتلان جماعت ’جونٹس‘ کے ساتھ پارلیمانی اتحاد برقرار رکھنا انتہائی مشکل ثابت ہوا۔
ہسپانوی ٹی وی پروگرام ’لا ریویلتا‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے پیڈرو سانچیز نے اپنی حکومت کی پالیسیوں، گزشتہ دور کی مشکلات اور مستقبل کے سیاسی اہداف پر گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پارلیمنٹ میں سیاسی کمزوری سے بچنے اور حکومتی امور مؤثر انداز میں چلانے کے لیے آئندہ انتخابات میں زیادہ نشستیں حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
سانچیز نے اعتراف کیا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت چلانا ایک مشکل مرحلہ رہا ہے، جس کے باعث وہ آئندہ انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
انہوں نے سابق وزیر خوسے لوئس آبالوس سے متعلق بدعنوانی کے مقدمات کو اپنے دورِ اقتدار کی سب سے بڑی غلطی اور ذاتی مایوسی قرار دیا۔ دوسری جانب انہوں نے کتلونیا کے لیے متعارف کرائے گئے عام معافی کے قانون کا دفاع کرتے ہوئے اسے اپنے سیاسی مؤقف کا اہم حصہ قرار دیا۔
اسپین کے وزیراعظم نے ملکی معاشی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا، تاہم رہائشی بحران کو حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج تسلیم کیا۔ ان کے مطابق گھروں کی دستیابی اور رہائش کے مسائل آئندہ انتخابی مہم کے اہم موضوعات میں شامل ہوں گے۔
اپنی اہلیہ اور بھائی کے خلاف سامنے آنے والے عدالتی الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے سانچیز نے انہیں مسترد کیا اور دونوں کی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے قانونی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔














