اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے 30 سالہ سروس مکمل کرنے والے ملازم کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے کہا پنشن کوئی خیرات نہیں، ملازم کا آئینی حق ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے 30 سالہ سروس مکمل کرنے والے ریٹائرڈ ملازم کو پنشن کی عدم فراہمی کے کیس میں بڑا فیصلہ سناتے ہوئے وزارتِ خزانہ اور تمام متعلقہ حکام کو تمام ریٹائرمنٹ مراعات اور پنشن فوری ریلیز کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شاہ رخ ارجمند نے شہری نوید اللہ کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ پنشن کوئی خیرات، رعایت یا عطیہ نہیں بلکہ ملازم کا قانونی اور آئینی حق ہے، یہ دورانِ ملازمت کی گئی محنت کا موخر شدہ معاوضہ ہے جو بڑھاپے میں مالی سیکیورٹی کے لیے دیا جاتا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کلہ وزارتِ خزانہ کے اس موقف پر کہ 2008 کی کنٹریکٹ تعیناتی FPSC کے ذریعے نہیں ہوئی تھی، عدالت نے رولنگ دی کہ بھرتی کا طریقہ کار مقرر کرنا اور FPSC کو کیس بھیجنا ادارے کا کام تھا، اس کی سزا ملازم کو نہیں دی جا سکتی۔
عدالت نے قرار دیا کہ دو دہائیوں تک ملازم کی سروس کو تسلیم کرنے کے بعد ریٹائرمنٹ کے وقت پنشن روکنا بالکل غیر قانونی ہے۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ فیصلے کی تصدیق شدہ کاپی ملنے کے 30 دن کے اندر تمام قانونی کارروائی مکمل کر کے رقم جاری کی جائے اور تمام سابقہ احکامات (کنفرمیشن، ریگولرائزیشن، گریڈ 17 کی منظوری) کو مدنظر رکھ کر کیس فائنل کیا جائے۔
درخواست گزار نوید اللہ نے 28 مئی 1995 کو وزارتِ خوراک و زراعت میں بطور گریڈنگ انسپکٹر (BS-13) ملازمت کا آغاز کیا تھا، 16 اگست 1997 کو درخواست گزار کی خدمات مستقل کر دی گئی تھیں۔
18ویں آئینی ترمیم کے تحت وزارتوں کی تحلیل کے بعد انہیں سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز منتقل کیا گیا، کابینہ سب کمیٹی کے فیصلے کے تحت 2012 میں انہیں ریگولرائز اور 2015 میں نیشنل سیونگز میں ضائع/جذب کیا گیا۔
بعد ازاں 2016 کے نوٹیفکیشن کے ذریعے صدرِ مملکت کی منظوری سے 28 مئی 1995 سے ذاتی حیثیت میں گریڈ 17 دیا گیا۔
درخواست گزار تقریباً 30 سال کی طویل سروس مکمل کرنے کے بعد 22 اپریل 2025 کو ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچے، تاہم پنشن اور واجبات روکے جانے پر انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔














