واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران سخت سیاسی مخالفت کے باوجود نومنتخب مسلمان سینیٹر عبدل السید سے ملاقات کا اعلان کردیا ہے۔
امریکی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے بتایا کہ ملاقات کے دوران ڈیموکریٹ رہنما کے مجوزہ منصوبے ’میڈی کیئر فار آل‘ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، جسے عبدل السید نے ’ٹرمپ کیئر‘ کا نام دینے کی تجویز پیش کی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اس تجویز کو سراہتے ہوئے عبدل السید کو ذہین قرار دیا اور کہا کہ دونوں اس معاملے پر کسی مشترکہ حل تک پہنچ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ عبدل السید نے اپنی انتخابی مہم کے دوران تمام شہریوں کو یکساں طبی سہولیات فراہم کرنے کو اہم انتخابی نکتہ بنایا تھا۔
رواں ماہ انہوں نے سوشل میڈیا پر سنہرے رنگ کا ’ٹرمپ کیئر‘ کارڈ شیئر کرتے ہوئے امریکی صدر سے مطالبہ کیا تھا کہ ہر شہری کو پیدائش سے بڑھاپے تک طبی سہولیات کی ضمانت دی جائے۔ ٹرمپ نے بھی ان کی اس پوسٹ کو دوبارہ شیئر کیا تھا۔
یاد رہے کہ وسط مدتی انتخابات کی مہم کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ اور عبدل السید کے درمیان سخت سیاسی بیانات کا تبادلہ ہوا تھا۔ اس دوران امریکی صدر نے عبدل السید کو ’جہادی‘ بھی قرار دیا تھا۔














