یروشلم: اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے قومی اتحاد حکومت کے قیام کے لیے اہم سیاسی پیشکش کرتے ہوئے گادی آئزنکوٹ کو ابتدائی مدت کے لیے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کی پیشکش کر دی، جبکہ خود متبادل وزیراعظم کا منصب قبول کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
نیتن یاہو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اسرائیل کو درپیش سنگین خطرات کے پیش نظر قومی اتحاد کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے تمام متعلقہ جماعتوں کو متحد ہونا چاہیے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ان کی جماعت لیکوڈ نے گادی آئزنکوٹ کی جماعت کے مقابلے میں تقریباً ڈھائی لاکھ زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں، تاہم وہ قومی اتحاد کے وسیع تر مفاد میں پہلے مرحلے پر وزارت عظمیٰ آئزنکوٹ کے حوالے کرنے کے لیے تیار ہیں۔
نیتن یاہو نے ان تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے پر زور دیا جو اسرائیل کو یہودی عوام کی قومی ریاست تسلیم کرتی ہیں۔ انہوں نے گادی آئزنکوٹ سے فوری اور سنجیدہ مذاکرات شروع کرنے کی اپیل بھی کی تاکہ قومی اتحاد کی حکومت تشکیل دی جا سکے۔
اپنے بیان میں نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ ایران کی سرپرستی میں فلسطینی ریاست کا قیام اسرائیل کے لیے خطرہ ہوگا۔ ان کے مطابق ملک کو درپیش سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک متحدہ حکومت کی ضرورت ہے۔
نیتن یاہو کی پیشکش کے بعد گادی آئزنکوٹ نے بھی مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لیکوڈ جماعت کے ساتھ اتحاد کی تجویز کا سنجیدگی سے جائزہ لیں گے۔












