روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماسکو آبنائے ہرمز اور خلیجی خطے میں استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔ سنیچر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا تھا کہ انہوں نے ایران کی جانب سے سات روز کے اندر آبنائے ہرمز کھولنے کی تجویز مسترد کر دی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق سرگئی لاروف نے اپنے خطاب میں کہا کہ خلیجی ممالک، عرب ریاستوں اور ایران کے درمیان باہمی اعتماد کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ان کے بقول خطے میں ایک مستحکم علاقائی نظام کا قیام ضروری ہے۔
روسی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ روس دیگر ذمہ دار ممالک کے ساتھ مل کر اس تزویراتی اہمیت کے حامل خطے میں استحکام کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔














