تہران — ایرانی وزیرِ پیٹرولیم محسن پاک نژاد اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق محسن پاک نژاد نے ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دیا، جو انہوں نے کچھ عرصہ قبل پیش کیا تھا۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے دفتر کے نائب سربراہ برائے مواصلات مہدی طباطبائی نے بتایا کہ صدر نے محسن پاک نژاد کے اصرار پر ان کا استعفیٰ منظور کر لیا۔
مہدی طباطبائی کے مطابق حامد بُوَرد کو وزارتِ پیٹرولیم کے امور کی نگرانی کے لیے قائم مقام وزیر مقرر کردیا گیا ہے۔
محسن پاک نژاد کا استعفیٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا نے ایران کے خلاف سخت پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، جن میں ایرانی تیل کے شعبے کو بھی خاص طور پر نشانہ بنایا گیا ہے۔
حامد بُوَرد اس سے قبل نیشنل ایرانی آئل کمپنی کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور ان کا زیادہ تر پیشہ ورانہ کیریئر تیل کے شعبے میں فیلڈ آپریشنز سے وابستہ رہا ہے۔














