نیویارک ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک ایک بار پھر دنیا کے پہلے کھرب پتی بن گئے۔
بلوم برگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق ایلون مسک کی دولت میں صرف ایک روز کے دوران 65 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ان کی مجموعی دولت 1.04 کھرب ڈالرز تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق مسک کی دولت میں اس نمایاں اضافے کی بنیادی وجہ اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے شیئرز کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ ہے۔ اکتوبر کے آغاز سے اسپیس ایکس کے شیئرز کی قدر میں تقریباً 13 فیصد جبکہ ٹیسلا کے شیئرز میں 6.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
واضح رہے کہ ایلون مسک رواں سال جون میں پہلی مرتبہ کھرب پتی بنے تھے، تاہم بعد میں ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی کے باعث وہ یہ حیثیت برقرار نہ رکھ سکے۔ تقریباً تین ماہ بعد انہوں نے دوبارہ دنیا کے پہلے کھرب پتی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کی مجموعی دولت کا 98 فیصد سے زائد حصہ اسپیس ایکس اور ٹیسلا میں ان کے حصص پر مشتمل ہے۔














