ریاض — سعودی وزارتِ داخلہ نے ملکی و غیر ملکی شہریوں کے لیے اہم اور ہنگامی انتباہ جاری کرتے ہوئے دفاعی نظام، میزائلوں یا ڈرونز کو فضا میں روکنے کے مناظر کی ویڈیوز بنانے اور انہیں سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔
سعودی وزارتِ داخلہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق فوجی یا دفاعی کارروائیوں کی فلم بندی، تصاویر بنانا یا ان سے متعلق مواد کسی بھی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر نشر کرنا ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتا ہے، اس لیے ایسی سرگرمیوں کو قانوناً ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
وزارتِ داخلہ نے واضح کیا کہ قومی سلامتی کے معاملات میں کسی قسم کی غفلت یا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ دفاعی کارروائیوں سے متعلق کسی بھی قسم کی ویڈیو یا تصویر بنانے اور اسے آن لائن پھیلانے سے گریز کریں۔
ترجمان کے مطابق قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، خواہ وہ سعودی شہری ہوں یا ملک میں مقیم غیر ملکی۔














