• Home
  • Blog
  • آسٹریلیا کی سعودی عرب کے لیے سفری وارننگ، شہریوں کو مملکت کا سفر نہ کرنے اور دورے ملتوی کرنے کی ہدایت
Image

آسٹریلیا کی سعودی عرب کے لیے سفری وارننگ، شہریوں کو مملکت کا سفر نہ کرنے اور دورے ملتوی کرنے کی ہدایت

سڈنی: آسٹریلوی سفارت خانے نے سعودی عرب میں موجود اپنے شہریوں اور مملکت کا سفر کرنے والے افراد کو سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر انتہائی احتیاط برتنے اور سعودی عرب کے لیے پہلے سے طے شدہ سفر ملتوی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

سفارت خانے کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کی غیر مستحکم سیکیورٹی صورتحال کے باعث شہری مملکت کا سفر نہ کریں، جبکہ اس ہدایت کا اطلاق مذہبی مقاصد کے لیے سفر کرنے والے افراد پر بھی ہوتا ہے۔

بیان کے مطابق حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب میں تیل و توانائی کی تنصیبات، کاروباری مراکز، ہوائی اڈوں اور بحیرہ احمر کی بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کی کارروائیاں یا دھمکیاں سامنے آئی ہیں، جس کے باعث مختلف اہم مقامات پر سیکیورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں۔

آسٹریلوی سفارت خانے نے ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ سمیت حساس مقامات کے قریب شہریوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، دمام کے شاہ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ جانے سے بھی گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، کیونکہ حالیہ سیکیورٹی واقعات کے باعث ان ہوائی اڈوں کی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔

سفارت خانے کے مطابق سعودی ہوائی اڈوں اور فضائی حدود کو نشانہ بنانے کی دھمکیوں کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ پروازوں کی منسوخی، تاخیر اور فضائی حدود کی بندش جیسے مسائل بھی سامنے آ رہے ہیں۔

آسٹریلوی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اگر وہ سعودی عرب چھوڑنا چاہتے ہیں تو حالات سازگار ہونے کی صورت میں زمینی راستوں کے ذریعے متحدہ عرب امارات یا قطر پہنچ کر وہاں سے پروازیں حاصل کرنے کے متبادل پر غور کریں۔ فضائی سفر کرنے والے افراد کو ایئرلائن سے پرواز کی تصدیق کے بغیر ہوائی اڈے روانہ نہ ہونے اور وہاں غیر ضروری قیام سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سفارت خانے نے سعودی عرب میں موجود شہریوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہنے، محفوظ مقام پر پناہ لینے اور خوراک، پانی سمیت ضروری اشیا کا مناسب ذخیرہ رکھنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ میزائل یا ڈرون حملے کی صورت میں مضبوط عمارت کے اندر پناہ لی جائے اور کھڑکیوں سے دور رہا جائے، کیونکہ فضائی دفاع کے دوران تباہ ہونے والے میزائلوں یا ڈرونز کا ملبہ بھی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

آسٹریلوی حکام نے شہریوں کو سعودی عرب میں اہم تنصیبات، فوجی سرگرمیوں، میزائلوں کی لانچنگ اور ڈرون کارروائیوں کی تصاویر یا ویڈیوز بنانے سے بھی خبردار کیا ہے، کیونکہ اس طرح کی سرگرمیوں پر پابندی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی اور ممکنہ حملوں کے خدشات کے باعث مختلف ممالک کی جانب سے اپنے شہریوں کے لیے سعودی عرب کے سفر سے متعلق حفاظتی ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں۔

ایران کا ایک اور امریکی ایم کیو-9 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

ایران کا ایک اور امریکی ایم کیو-9 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ تہران: ایران نے ایک اور امریکی…

ByBySajid Ali Nov 25, 2026

بنگلا دیش میں گارمنٹس ورکرز کی کم از کم تنخواہ 17 ہزار ٹکا مقرر، احتجاج کے بعد حکومت کا بڑا فیصلہ

بنگلا دیش میں گارمنٹس ورکرز کی کم از کم تنخواہ 17 ہزار ٹکا مقرر، احتجاج کے بعد حکومت…

ByBySajid Ali Nov 25, 2026

سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں 4 ڈرون حملے ناکام، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں 4 ڈرون حملے ناکام، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ریاض: سعودی عرب…

ByBySajid Ali Nov 25, 2026

امریکی فوجی اڈے کہیں بھی منتقل کرلیں، ایرانی افواج کی پہنچ سے باہر نہیں ہوں گے، علی عبداللہی

امریکی فوجی اڈے کہیں بھی منتقل کرلیں، ایرانی افواج کی پہنچ سے باہر نہیں ہوں گے، علی عبداللہی…

ByBySajid Ali Nov 25, 2026

ایک جواب دیں۔

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top