محمد ذیشان علی کی خلائی روانگی پاک چین دوستی میں اہم سنگ میل ہے، احسن اقبال
جیوچوان: وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کی خلائی سفر پر روانگی ایک تاریخی لمحہ اور ملک کے لیے عظیم اعزاز ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ یہ ایک غیر معمولی موقع ہے اور وہ اپنے جذبات کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتے۔ محمد ذیشان علی کی خلائی سفر پر روانگی پاکستان اور چین کی دوستی میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پوری پاکستانی قوم کو اپنے ہیرو پر فخر ہے۔ وہ اپنے چینی دوستوں سے مسلسل کہتے رہے ہیں کہ دونوں ممالک کے باہمی تعاون کو خلائی تحقیق کے شعبے تک وسعت دینی چاہیے۔
واضح رہے کہ شین ژو-24 خلائی مشن کی روانگی سے قبل خلا بازوں کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد ہوئی تھی، جس میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے دوران پاکستانی پرچم لہرائے گئے جبکہ پاکستانی اور چینی خلا بازوں نے شرکا کو ہاتھ ہلا کر الوداع کہا۔ بعد ازاں تینوں خلا باز خصوصی پروٹوکول کے تحت گاڑیوں میں خلائی مرکز روانہ ہوئے۔














