اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ سے متعلق دھمکی آمیز زبان استعمال کرنے پر وزیر داخلہ محسن نقوی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
جیو نیوز کے پروگرام ‘آج شاہ زیب خانزادہ’ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ طاقت کے مرکز کے قریب ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ دوسروں کو روند کر آگے بڑھا جائے، محسن نقوی کو دھمکی نہیں دینی چاہیے تھی، یہ سیاسی زبان نہیں ہے، وہ اس طرح دھمکیوں کی زبان استعمال نہ کریں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ محسن نقوی نے جس طریقے سے صوبوں کے معاملے کو ہینڈل کیا اس حوالے سے پارٹی میں بے چینی ہے۔
خواجہ آصف نے پیپلز پارٹی کی جانب سے 27 ویں آئینی ترمیم کو زبردستی منظور کرانے کے تاثر کو بھی سیاسی بددیانتی قرار دیا اور کہا کہ اس ترمیم سے سب سے بڑا فائدہ صدر زرداری کو تاحیات استثنیٰ کی صورت ملا ہے۔














