سعودی عرب میں ہیروئن اسمگلنگ کے الزام میں 3 پاکستانی شہریوں کی سزائے موت پر عملدرآمد
مکہ مکرمہ: سعودی عرب میں ہیروئن اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار 3 پاکستانی شہریوں کی سزائے موت پر عملدرآمد کردیا گیا۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق تینوں پاکستانی شہریوں کو مملکت میں منشیات اسمگل کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا۔ سکیورٹی اداروں نے کارروائی کے دوران ملزمان کو حراست میں لیا، جس کے بعد تحقیقات مکمل کرکے مقدمہ متعلقہ عدالت میں پیش کیا گیا۔
وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق عدالتی کارروائی کے دوران ملزمان کے خلاف الزامات اور شواہد ثابت ہونے پر عدالت نے انہیں سزائے موت سنائی۔ بعد ازاں اپیل کورٹ اور سپریم کورٹ نے بھی فیصلے کی توثیق کردی، جس کے بعد سزا پر عملدرآمد کے لیے شاہی فرمان جاری کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہی فرمان کے تحت 24 نومبر 2026 کو مکہ مکرمہ ریجن میں تینوں پاکستانی شہریوں کی سزائے موت پر عملدرآمد کردیا گیا۔
سعودی وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت شہریوں اور مملکت میں مقیم افراد کو منشیات کے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے گی اور منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت اقدامات کیے جائیں گے۔














