قاہرہ: مصر کے شہر جیزہ کے علاقے الوراق میں رنگ روڈ پر پیٹرولیم مصنوعات سے بھری گاڑی الٹنے کے بعد خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 31 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات سے بھری گاڑی الٹنے کے بعد آگ نے تیزی سے پھیلتے ہوئے متعدد گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق اس حادثے میں 27 گاڑیاں، جن میں کاریں اور موٹر سائیکلیں شامل ہیں، جل کر تباہ ہوگئیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے 39 ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں۔
حکام نے ہلاک ہونے والے ایسے افراد کی شناخت کے لیے ڈی این اے نمونے حاصل کرنے کا حکم دیا ہے جن کی شناخت فوری طور پر ممکن نہیں ہوسکی۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ انتہائی تیزی سے پھیلی، جس کے باعث متعدد افراد کو اپنی گاڑیوں سے باہر نکلنے کا موقع بھی نہ مل سکا۔














