چنیوٹ کے علاقے راجباہ پیلووال سیدا کے قریب کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے مبینہ پولیس مقابلے میں بہاولنگر سے تعلق رکھنے والا مطلوب ملزم محمد راشد ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ صبح تقریباً 6 بجے پیش آیا، جب سی سی ڈی کی ٹیم علاقے میں گشت کررہی تھی۔ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار 3 مشتبہ افراد کا پولیس ٹیم سے سامنا ہوا اور فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ فائرنگ رکنے کے بعد قریبی کھیتوں کی تلاشی کے دوران ایک زخمی شخص ملا، جس نے اپنی شناخت محمد راشد کے نام سے کروائی۔ وہ بہاولنگر کے علاقے نوشہرہ کا رہائشی تھا۔
زخمی ملزم کو ریسکیو 1122 کے ذریعے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق محمد راشد ڈکیتی، شاہراہوں پر لوٹ مار اور چوری سمیت 22 مقدمات میں مطلوب تھا۔ پولیس کا مزید دعویٰ ہے کہ ملزم اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا، جبکہ اس کے دونوں ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔
واقعے کے بعد فرار ملزمان کی تلاش اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔














