کراچی: سندھی مسلم سوسائٹی کی فوڈ واک پر موٹر سائیکل سوار ملزمان شہری سے 7 لاکھ روپے مالیت کا موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔
سندھی مسلم سوسائٹی کی فوڈ واک پر شہری سے قیمتی موبائل فون چھیننے کی واردات کے بعد متاثرہ شہری کا ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
متاثرہ شہری سلال کے مطابق وہ فوڈ واک پر آیا تھا اور ویڈیو بنا رہا تھا کہ موٹرسائیکل پر سوار 2 ملزمان وہاں پہنچے، موٹرسائیکل پر پیچھے بیٹھے ملزم نے اس کا موبائل فون چھینا اور ساتھی کے ہمراہ فرار ہوگیا، چھینے گئے موبائل فون کی مالیت 7 لاکھ روپے تھی۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ فیروزآباد تھانے میں متاثرہ شہری کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہےکہ واردات 4 نومبر کی رات ایک بجے پیش آئی تھی، متاثرہ شہری نے واردات کی اطلاع پولیس ہیلپ لائن 15 پر بھی دی تھی۔














