ایران میں آبادی بڑھانے کے لیے نوجوان جلد شادیاں کریں اور زیادہ بچے پیدا کریں، مجتبیٰ خامنہ ای کی اپیل
تہران: ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے ملک میں آبادی کی شرح بڑھانے کے لیے نوجوانوں پر جلد شادی کرنے اور زیادہ بچے پیدا کرنے پر زور دیتے ہوئے اسے قومی طاقت اور ترقی کے لیے اہم قرار دیا ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے یہ بات آبادی میں اضافے سے متعلق چوتھی قومی تقریب کے نام اپنے پیغام میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ جلد شادیوں کو آسان بنانے، بچوں کی پیدائش کی حوصلہ افزائی، انفرادی صحت کی بہتری اور خاندانی اقدار کے فروغ کے لیے جامع اقدامات کرنا ضروری ہیں۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے حکام پر زور دیا کہ نوجوانوں سمیت معاشرے کے تمام طبقات میں آبادی میں اضافے کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جائے اور خاندانوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بنیادی سہولتوں کو بہتر بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ایران کی آبادی میں اضافہ سائنسی، ثقافتی، معاشی اور سماجی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرسکتا ہے، جبکہ ملک کو بیرونی دھمکیوں اور مخالف قوتوں کے عزائم کا مقابلہ کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
ایرانی سپریم لیڈر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں شرح پیدائش مسلسل کمی کا شکار ہے۔
ایران وائر کی رپورٹ کے مطابق مارچ 2026 میں ختم ہونے والے ایرانی سال کے دوران فی خاتون بچوں کی اوسط شرح پیدائش کم ہوکر 1.34 رہ گئی، جبکہ آبادی کی موجودہ سطح برقرار رکھنے کے لیے یہ شرح تقریباً 2.1 ہونا ضروری ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران میں 2010 کے دوران تقریباً 8 لاکھ 90 ہزار شادیاں رجسٹرڈ ہوئی تھیں، تاہم 2026 میں یہ تعداد کم ہوکر تقریباً 4 لاکھ 31 ہزار رہ گئی۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے پیغام میں سابقہ آبادی پالیسیوں کی خامیوں کو دور کرنے اور نئی نسل کی تعداد میں اضافے کو قومی ترجیحات میں شامل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔














