تہران: ایران نے میناب کے اسکول پر حملے اور سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے قتل کے واقعات پر امریکا اور متعدد یورپی ممالک کی عدالتوں میں قانونی مقدمات دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق، ایران کے نائب صدر برائے قانونی امور مجید انصاری نے بتایا کہ ان واقعات سے متعلق قانونی کارروائی ان عدالتوں میں شروع کی گئی ہے جنہوں نے مقدمات کی سماعت کا دائرہ اختیار قبول کیا ہے۔
مجید انصاری کا کہنا تھا کہ ان مقدمات کی پیروی دستاویزی شواہد کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔ ان میں سے بعض مقدمات باقاعدہ دائر ہو چکے ہیں، جبکہ دیگر رجسٹریشن کے مراحل میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران ان واقعات کے حوالے سے قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے متعلقہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی کوشش کر رہا ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے حمایت یافتہ انسانی حقوق کے ماہرین نے میناب کے اسکول پر حملے کو ممکنہ جنگی جرم قرار دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق 28 فروری کو اسکول پر دو فضائی حملے کیے گئے، جن میں 178 سے زائد افراد ہلاک ہوئے، جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں 120 بچے بھی شامل تھے۔
انسانی حقوق کے ماہرین نے اس واقعے کی تحقیقات اور ذمہ داری کا تعین کرنے پر زور دیا ہے۔
ایران کی جانب سے دائر کیے گئے مقدمات کی قانونی پیش رفت اور متعلقہ عدالتوں میں ان کی سماعت کے نتائج آئندہ سامنے آنے کی توقع ہے۔














